سیالکوٹ:مریض سے رقم لینے پر 2 ایکسرے ٹیکنیشن معطل
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے خواجہ صفدر ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران ایکسرے سیکشن میں مریض کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ایکسرے ٹیکنیشنز کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری کی ہدایت کر دی۔ٹراما سنٹر میں زیر علاج ایک مریض نے شکایت کی تھی کہ اس سے ایکسرے کیلئے نقد رقم وصول کی گئی۔ شکایت پر ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ابتدائی انکوائری کی جسکے بعد ٹیکنیشنز ایوب اور ساجد کو قصوروار قرار دیتے ہوئے فوری معطلی کے احکامات جاری کر دیئے ۔ ڈی سی نے ٹراما سنٹر میں ہاتھ سے لکھی گئی رسیدوں کے بجائے کمپیوٹرائزڈ رسیدوں کے اجرا کی بھی ہدایت کی۔ ایمرجنسی وارڈ کے انفارمیشن کاؤنٹر پر ریسیپشنسٹ کی غیر موجودگی اور ڈیجیٹل انفارمیشن سکرین کے خراب ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار وں کے خلاف کارروائی کے احکامات دیئے ۔