میرج ہالز کی جانب سے ٹیکس قوانین کی مبینہ خلاف ورزیاں
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)قلعہ دیدارسنگھ میرج ہال مالکان کی جانب سے ٹیکس قوانین کی مبینہ خلاف ورزیاں، قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان، شہریوں سے 5فیصد ٹیکس وصول، ایف بی آر کو جمع نہ کر انے کا انکشاف ہوا ہے ۔
شہر میں قائم متعدد میرج ہال مالکان کی جانب سے سرکاری ٹیکس قوانین کی مبینہ خلاف ورزی جاری ہیں، پارٹیوں اور تقریبات کے انعقاد پر شہریوں سے 5فیصد ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے تاہم یہ رقم ایف بی آر کے متعلقہ کھاتوں میں جمع نہیں کر ائی جا رہی۔قانونی ماہرین کے مطابق اس طرزِ عمل سے نہ صرف انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہے بلکہ قومی خزانے کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ چکا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹیکس کی مد میں وصول کی گئی رقم کا درست استعمال نہ ہونا قابلِ گرفت جرم کے زمرے میں آتا ہے ۔عوامی حلقوں نے ایف بی آر کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار میرج ہال مالکان کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ، غیر قانونی طور پر وصول شدہ رقوم قومی خزانے میں جمع کر ائی جائیں اور ٹیکس قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔