گیپکو کی نجکاری کیخلاف دفاتر کی تالا بندی ، جی ٹی روڈپر احتجاج
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے زیراہتمام گیپکو کی نجکاری کیخلاف ملازمین نے تمام دفاتر کی تالا بندی کردی اورجی ٹی روڈپر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خان کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی ، لیبر ہال جی ٹی روڈ سے شروع ہونے والی ریلی جنرل بس سٹینڈ کے سامنے اختتام پذیر ہوئی ،مظاہرین نے حکومتی پالیسیوں اور گیپکو کی نجکاری کے خلاف پلے کارڈ اور بینرز اٹھارکھے تھے ، احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ولی الرحمن خان،ریجنل سیکرٹری میاں عطا الرحمن، وائس چیئرمین رانا شہزادجمیل،دیگر عہدیدار میاں عمران،چودھری محمد زبیر،احسان وڑائچ ،طارق محمود اور دیگرنے کہا کہ گیپکو کی نجکاری پر ملازمین میں شدید تشویش پائی جارہی ہے ، نجکاری کے نام پر گیپکو کے اثاثے کوڑیوں کے بھائو بیچے جارہے ہیں جو کسی صورت قبول نہیں، ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کے معاملے پر اعلیٰ افسروں کو ترقیاں دے کر خاموش کر الیا گیا ہے ، اگر نجکاری کو فوری نہ روکا گیا تو 15 جنوری سے میٹر ریڈنگ اور ریکوری بند کو کردیا جائے گا۔