ورکرز ویلفیئر گرلز سکول کی عمارت مخدوش، بڑے حادثے کا خدشہ
سکول کونسل کمیٹی کا اہم اجلاس ،مزدور رہنماؤں، تعلیمی ماہرین اور صنعت کاروں کی شرکت
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)ورکرز ویلفیئر گرلز سکول گلشن کالونی کی سکول کونسل کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکول کو درپیش سنگین مسائل اور خاص طور پر عمارت کی مخدوش حالت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مزدور رہنماؤں، تعلیمی ماہرین اور صنعت کاروں نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت چیئرمین سکول کونسل زاہد محمود نے کی، جبکہ خصوصی شرکاء میں رانا محمد انعام (ڈسٹرکٹ چیئرمین، پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن)، محمد نوید گجر (پرنسپل، ورکرز ویلفیئر سکول پیپلز کالونی)، زاہد محمود (صدر، گوجرانوالہ ڈائنگ اینڈ پرنٹنگ انڈسٹریز ایسوسی ایشن)، محمد قیصر ستار (سیکرٹری، آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن) کے علاوہ دیگر مزدور یونینز کے رہنما اور کونسل ممبران شامل تھے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سکول کی عمارت تقریباً 40 سال پرانی ہے اور اپنی مدتِ عمر پوری کر چکی ہے ۔ دیواروں اور چھتوں میں گہری دراڑیں پڑ چکی ہیں، جس کی وجہ سے یہ کسی بھی وقت قدرتی آفت یا معمولی زلزلے کے نتیجے میں زمین بوس ہو سکتی ہے ۔ عمارت کی موجودہ حالت معصوم بچوں کے لیے سنگین خطرہ ہے ، اور انتظامیہ کی خاموشی کسی بڑے سانحے کو دعوت دے رہی ہے ۔