جلالپور جٹاں:غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، شہری اور تاجر پریشان
شہریوں کی معمولات زندگی متاثر ہو رہی ہیں ، کاروبار تباہ ہو گئے ہیں
جلالپور جٹاں (نامہ نگار )شدید سردی کے موسم میں جلالپور جٹاں شہر اور گردونواح میں گیپکو کی طرف سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری اور تاجر برادری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔گزشتہ کئی دنوں سے مین بازار، اسلام گڑھ، عبد الستار ایدھی، شبیر شریف شہید سمیت دیگر فیڈرز میں دن رات کے اوقات میں بجلی گھنٹوں کیلئے بند رہ رہی ہے ۔ اس کے نتیجے میں شہریوں کی معمولات زندگی متاثر ہو رہی ہیں اور تاجر برادری کے کاروبار تباہ ہو گئے ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں رات کے وقت بجلی کی بندش کی وجہ سے گلی کوچوں اور سڑکوں پر گھپ اندھیرا چھا جاتا ہے ۔ تاجر برادری نے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لوڈ شیڈنگ جاری رہی تو وہ اور شہری سراپا احتجاج ہوں گے ۔