دھمکیوں ،بھتہ خوری سے تنگ تاجرحصول انصاف کیلئے دربدر
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)سستا بازار گرجاکھ پر قبضہ،دھمکیوں اور بھتہ خوری سے تنگ تاجرحصول انصاف کیلئے دربدر ہوگیا،حکام سے بااثر ملزموں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
انجن تاجران جناح روڈ کے صدر خالد انصاری نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کو سستی اشیا خور ونوش کی فراہمی کیلئے 15 سال سے گرجاکھ میں سستا بازار لگایا جارہا تھا ،میں نے بازار میں د کانداروں اور شہریوں کی حفاظت اور سہولیات کی فراہمی کیلئے بہترین اقدامات بھی کئے لیکن حمید پورہ گرجاکھ کے بااثر ملزموں نے اسلحہ کے زور پر سستے بازار پر قبضہ کرلیا جبکہ متذکرہ افراد برسوں سے اس سے بھتہ بھی لے رہے تھے لیکن اس کے باوجود ملزموں نے فروری 2025 کو اپنے ڈیرے پر بلاکر گالم گلوچ کی اور دھمکیاں بھی دیں جس کے بعد ملزموں نے سائل کے سستے بازار ٹیپو سلطان چوک گرجاکھ پر قبضہ کرلیا اور 4ماہ قبل سائل کے ایک اور سستے بازار مدوخلیل پر بھی قبضہ کرلیا۔سائل نے سستے بازاروں پر قبضے کیخلاف اعلیٰ افسر وں کو درخواستیں بھی دیں،ابھی تک سائل کو انصاف فراہم ہوسکا اور نہ ہی ملزموں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکی۔ خالد انصاری کا کہنا تھا کہ ملزم بااثر ہیں ،حکام بالا ملزموں کیخلاف کارروائی کر یں اور سستا بازار واگزار کروائیں ۔