کیو ڈی پی ایس ، پو لیس شہدا کے بچوں کیلئے فیس میں رعایت
شہدا کے بچوں کو 100فیصد جبکہ غازی افسروں کے بچوں کو 75فیصد رعایت ہوگی
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ کا شہدا و غازی پولیس اہلکاروں کیلئے احسن اقدام، تعلیمی سہولیات میں انقلابی پیش رفت ،شہدا پولیس کے بچوں کیلئے 100فیصد جبکہ غازی پولیس افسر وں کے بچوں کیلئے 75فیصد فیس میں رعایت ہو گی ۔ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے شہدا پولیس اور غازی پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے قابلِ تحسین اور تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے قائدِاعظم ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر د ئیے ۔ آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ اور کمشنر گوجرانوالہ/چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز و بورڈ آف گورنرز سید نوید حیدر شیرازی نے مشترکہ طور پر بورڈ آف ٹرسٹیز/بورڈ آف گورنرز کے ہمراہ دستخط کیے گئے ۔معاہدے کے مطابق گوجرانوالہ ریجن کے مختلف شہروں گوجرانوالہ،
نوشہرہ ورکاں، وزیرآباد، ڈسکہ اور لالہ موسٰی میں قائم QDPS کیمپسز میں پولیس اہلکاروں کے بچوں کو خصوصی تعلیمی رعایتیں فراہم کی جائیں گی۔ شہدا پولیس کے بچوں اور اہل خانہ کیلئے ٹیوشن اور رجسٹریشن فیس میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ غازی پولیس اہلکاروں کے بچوں کو 75فیصد فیس رعایت حاصل ہوگی۔اس کے علاوہ تدریسی عملے میں شامل شہدا کے اہل خانہ کو بھی ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں گی بشرطیکہ وہ ادارے کے مقررہ معیار پر پورا اتریں۔ یہ رعایتیں تمام تعلیمی پروگرامز کے لیے دستیاب ہوں گی، تاہم داخلے کے قواعد و ضوابط کی پابندی لازم ہوگی۔ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے اس موقع پر کہا کہ شہداء اور غازی ہمارے حقیقی ہیرو ہیں جن کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، اس اقدام سے پولیس اہلکاروں کے حوصلے بلند ہوں گے اور ان کے خاندانوں کو عملی سہارا ملے گا۔