کپڑوں، جوتوں اور سلائی کے نرخوں میں ہوشربااضافہ

کپڑوں، جوتوں اور سلائی کے نرخوں میں ہوشربااضافہ

عیدالفطر قریب آتے ہی سمبڑیال میں نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے

سمبڑیال (سٹی رپورٹر )پہلے سے بدترین مہنگائی کے ہاتھوں تنگ شہریوں سے خود ساختہ مہنگائی نے عید کی خوشیاں بھی دور کردیں، عیدالفطر قریب آتے ہی سمبڑیال اورگردونواح کے بازاروں میں ٹیلرز، شوز سٹورز اور کلاتھ ہاؤسز کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے دور میں عید کی خریداری عام آدمی کیلئے مشکل ہوتی جا رہی ہے اور بازاروں میں قیمتیں بے قابو دکھائی دے رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی سمبڑیال شہر و گردونواح کے بازاروں میں کپڑوں، جوتوں اور سلائی کے نرخوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ متعدد ٹیلرز نے سلائی کے نرخ دوگنا کر د ئیے ہیں جبکہ جوتوں اور کپڑوں کی قیمتیں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں بڑھ چکی ہیں۔ اس صورتحال نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔بازاروں میں خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ، ایسے میں عید کی خوشیاں بھی ماند پڑتی نظر آ رہی ہیں۔ محدود آمدن کے باعث والدین کے لیے بچوں کے عید کے کپڑے اور دیگر ضروری اشیا خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بازاروں میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور وہ عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں منا سکیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں