سیالکوٹ:منظوری کے بغیر گوشت فروخت پر 2قصاب گرفتار
جرم ثابت ہونے پر 4سے 8سال تک قید اور 3سے 5لاکھ روپے جرمانے کی سزا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر معیاری اور غیر قانونی گوشت کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک، سیالکوٹ کی ٹیموں نے عدالت گڑھا اگوکی روڈ اور میانہ پورہ کے علاقوں میں چھاپے مار کر بغیر سرکاری مہر کے گوشت فروخت کرنے والے دو قصابوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ۔یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر تنویر اور انچارج سلاٹر ہاؤس محمد اویس کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، جنہوں نے موقع پر موجود گوشت کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ فروخت کیا جانے والا گوشت سلاٹر ہاؤس سے منظور شدہ نہیں تھا اور اس پر سرکاری مہر بھی موجود نہیں تھی۔ملزمان کے خلاف پنجاب اینیمل سلاٹر کنٹرول ترمیمی ایکٹ 2016 کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ اس قانون کے مطابق جرم ثابت ہونے پر متعلقہ افراد کو چار سے آٹھ سال تک قید اور 3 سے پانچ لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے ۔