شاہین چوک ملکہ:خستہ ہال سڑک کے با عث ٹریفک حادثات
نجی بینک کے سامنے گڑھوں کے با عث موٹر سائیکلوں میں تصاد م سے 2 افراد زخمی
گلیانہ(نامہ نگار )قصبہ ملکہ کے مصروف علاقے شاہین چوک کے قریب نجی بینک کے سامنے سڑک کی خستہ حالی ایک اور حادثے کا سبب بن گئی، جہاں دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں غلام مصطفی بدھ چک، دانش بامتہ، دا ئود بھگوال اور عامر بدھ چک شامل ہیں۔ حادثہ سڑک پر موجود گڑھوں اور پانی کھڑا ہونے کے باعث پیش آیا جس سے موٹر سائیکل سوار توازن برقرار نہ رکھ سکے ۔زخمیوں کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر ملکہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق تمام افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقام پر سڑک کی ٹوٹ پھوٹ اور نکاسی آب کا ناقص نظام آئے روز حادثات کا سبب بن رہا ہے مگر محکمہ شاہرات گجرات کی جانب سے تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہین چوک جیسے اہم مقام پر فوری طور پر سڑک کی مرمت اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کئے جائیں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے ۔