2ماہ کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 1090 افراد گرفتار

2ماہ کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 1090 افراد گرفتار

2ماہ کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 1090 افراد گرفتار درجنوں خطرناک ملزم پولیس مقابلومیں ہلاک،علاقے سے کئیگروہوں کا خاتمہ

گوجرانوالہ (راجہ ماجد سے )دو ماہ کے دوران گوجرانوالہ پو لیس نے منشیات فروشوں، بھتہ خوروں، اجرتی قاتلوں، کمسن بچوں کے ساتھ زیادتی میں ملوث ملزموں ، ڈاکوؤں اور جواریوں سمیت مجموعی طور پر 1090 افراد کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا جبکہ درجنوں خطرناک ملزم مختلف پولیس مقابلوں میں ہلاک بھی ہوئے ہیں۔کارروائیوں کے دوران گادھی گینگ، منشیات سمگلر ساجد عرف ساجو گینگ، شامو گجر گینگ اور اویس عرف اویسو شوٹر گینگ سمیت متعدد خطرناک جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ کر دیا گیا ۔ سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی زیر نگرانی جاری آپریشن میں پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانوں پر دن رات چھاپے مارے گئے ۔سی پی او ڈاکٹر غیاث گل خان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں شہر میں جرائم کی شرح میں 70 فیصد تک نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔اس آپریشن کے دوران دو بہادر کانسٹیبل فرض کی ادائیگی کے دوران شہید جبکہ 8 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ سی پی او کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے جبکہ منشیات فروشوں کی سرپرستی میں ملوث 30 سے زائد پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ۔واضح رہے کہ گوجرانوالہ کو ماضی میں پنجاب کے خطرناک اضلاع میں شمار کیا جاتا تھا جہاں روزانہ کی بنیاد پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ڈکیتی، راہزنی، قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے 130 سے 150 تک واقعات رپورٹ ہوتے تھے تاہم حالیہ آپریشن کے بعد امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں