حافظ آباد:تیز رفتار کار نہر میں جا گری ، ایک شخص ڈوب گیا
4افراد سوار تھے‘ 3محفوظ نکل آ ئے ‘28سالہ محسن کی تلاش کیلئے آپریشن جار ی
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا)شوری چٹھہ پل حافظ آباد کے قریب کار نہر میں جا گری، ایک شخص ڈوب گیا ۔حافظ آباد کے علاقے قادرآباد بلوکی لنک کینال پر شوری چٹھہ پل کے قریب کار بے قابو ہو کر نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں کار میں سوار چار افراد میں سے تین محفوظ باہر نکل آئے جبکہ ایک شخص ڈوب گیا۔ریسکیو 1122 کو اطلاع ملنے پر فوری طور پر ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔ موقع پر ایک ایمبولینس اور ایک ریسکیو وہیکل موجود ہے جبکہ انسٹنٹ کمانڈ پوسٹ قائم کر کے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ڈوبنے والے شخص کی شناخت 28 سالہ محسن ولد محمد علی سکنہ منجواں کے طور پر ہوئی ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق نہر میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے ۔