صنعتکاروں کو چین تک رسائی کیلئے ٹریڈ ایکسپریس وے پر اتفاق
پاک چائنا پلیٹ فارم کے وفد کا دورہ گوجرانوالہ چیمبر ، صدر علی بٹ سے ملاقات تاجروں کو چین کے 100صنعتی پارکس اور ایک لاکھ فیکٹریوں تک رسائی ملے گی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)چینی وفد کی صدر علی ہمایوں بٹ سے ملاقات، مقامی صنعتکاروں کو براہ راست ٹیکنالوجی اور خام مال کی فراہمی کیلئے ‘ٹریڈ ایکسپریس وے ’ پر اتفاق ۔صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی ہمایوں بٹ نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ پاکستان کی صنعتی ریڑھ کی ہڈی ہے اور عالمی مقابلے میں پیچھے نہ رہنے کیلئے ہمیں چینی ٹیکنالوجی اور جدید سپلائی چین تک براہ راست رسائی حاصل کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک چائنا پلیٹ فارم کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے سی ای او مسٹر گو پینگ کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔ وفد میں مسٹر ژانگ لی، ڈاکٹر عمر فاروق سانسی (سی ای او پاکستان) اور عمر دراز (فوکل پرسن گلگت بلتستان) شامل تھے۔
صدر چیمبر علی ہمایوں بٹ نے وفد کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس اشتراک سے گوجرانوالہ کے تاجروں کو چین کے 100صنعتی پارکس اور ایک لاکھ سے زائد فیکٹریوں تک براہ راست رسائی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنا پلیٹ فارم کی جانب سے لاجسٹکس سروسز (DDP)، محفوظ مالیاتی چینلز اور براہ راست سورسنگ کی فراہمی ایک انقلابی قدم ہے جس سے ممبران کے اخراجات میں کمی آئے گی۔