مون سون سے قبل نالوں کی صفائی مکمل کرنے کا حکم

 مون سون سے قبل نالوں کی صفائی مکمل کرنے کا حکم

شہریوں کو ممکنہ خطرات سے آگاہ رکھنے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے :کمشنر

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے ممکنہ مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پری فلڈ انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرڈ سمیت ریسکیو 1122، واسا،محکمہ انہا ر اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے کمشنر کو بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران مختلف اداروں کے افسر وں نے نکاسی آب، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے ، ریسکیو آپریشنز اور مشینری کی دستیابی کے حوالے سے اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ اے سی جی محمد عامر ،اے سی آر محمد فرقان ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قمر ذیشان ،ایم ڈی واسا احد ڈوگر،ڈی او ایمرجنسی 1122 رفعت ضیا ،گجرات محمد عمیر ،محکمہ انہار اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسر اجلاس میں شریک تھے۔

کمشنر محمد علی نے ہدایت کی کہ تمام محکمے باہمی رابطہ مضبوط بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جائے ۔کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ نشیبی علاقوں کی نشاندہی کر کے وہاں پیشگی اقدامات کئے جائیں، نالوں کی صفائی بروقت مکمل کی جائے اور شہریوں کو ممکنہ خطرات سے آگاہ رکھنے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں