ڈپٹی کمشنر کادورہ تحصیل ہسپتال وزیر آ باد،سہولیات کا جائزہ
اسسٹنٹ کمشنر جواد پیر زادہ‘ایم ایس ڈاکٹر نعیم کیساتھ مریضوں کی عیادت
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ / وزیرآباد نوید احمد کا تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کا اچانک دورہ، ڈاکٹرز و طبی عملہ کی حاضری چیک کی، ہسپتال کے مختلف شعبہ جات (حادثات، پرچی کاؤنٹر، فارمیسی اور مختلف وارڈز) کا بھی معائنہ کیا۔ دورہ کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ اور ایم ایس ڈاکٹر نعیم اللہ گھمن بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج معالجے کی سہولیات کی دستیابی بارے استفسار کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال عملہ و ڈاکٹرز کی حاضری چیک کی، ایم ایس ٹی ایچ کیو وزیرآباد نے سہولیات کی دستیابی بارے بریفنگ دی اور صفائی ستھرائی، ادویات کی حکومتی پالیسی کے مطابق مفت فراہمی بارے بھی آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ صحت کا شعبہ انتہائی حساس ہوتا ہے یہ شعبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کو میں خود ترجیحی بنیادوں پر چیک کرتا ہوں ہمارا مقصد عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فوری اور مفت مہیا کرنا ہے ۔