غیر قانونی سلاٹر ہاؤس قائم ، مادہ جانور ذبح ، جعلی مہریں ، مضر صحت گوشت فروخت
تتلے عالی اور نواح میں پابندی کے با وجود قصاب گھروں ، حویلیوں ، پلاٹوں اور دکانوں کے سامنے بھیڑ ، بکریاں ذبح کر نے لگے ، لائیو سٹاک حکام اور فوڈ اتھارٹی کی غفلت سے غیر قانونی کاروبار
تتلے عالی(نامہ نگار )تتلے عالی اور نواحی دیہات میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤس قائم ،مادہ جانوروں کا ذبح کرنا معمول بن گیا،غیر معیاری گوشت کی فروخت میں دن بدن اضافہ ہونے لگا۔ گوشت پرویٹرنری ڈاکٹرکی جانور کی تندرستی کی تصدیق کیلئے جعلی مہریں بھی لگائی جانے لگیں ۔ قصابوں نے گھروں،حویلیوں، پلاٹوں اور دکانوں کے آگے چھوٹے ،بڑے جانوروں کو غیر قانونی طور پر ذبح کر نا معمول بنا لیا، پابندی کے باجود بھیڑ،بکریوں کو بھی ذبح کیا جا رہا ہے بلکہ پانی ملا،مضرصحت گوشت فروخت کیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں لائیو سٹاک کی ٹیموں کی کارروائیوں میں مردہ ،بیمار،لاغر جانوروں کا مضر صحت ،پانی ملا،غیر معیاری گوشت کی فروخت کرنے اورسرکاری کے بجائے نجی سلاٹرمیں جانورو ں کو ذبح کرنے پر قصابوں پر مقدمات ،گرفتاریاں،چالان اور بھاری جرمانوں کے بعد صورتحال پر کافی حد تک کنٹرول کر لیا گیا تھا لیکن کچھ عرصہ سے لائیو سٹاک،فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں بند ہونے سے غیرقانونی کاروبار میں دن بدن اضافہ مکینوں کیلئے پریشانی کا باعث ہے ۔اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ سے اصلاح کا مطالبہ کیا ہے۔