علی پورچٹھہ میں ملاوٹی دودھ ،مضر صحت گوشت کی فروخت

علی پورچٹھہ میں ملاوٹی دودھ ،مضر صحت گوشت کی فروخت

خوراک میں ملاوٹ اور ناقص صفائی کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں ملاوٹی دودھ اور مضر صحت گوشت کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ بعض دودھ فروش پہلے دودھ سے کریم علیحدہ کر کے بعد ازاں اسے گاڑھا ظاہر کرنے کیلئے مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں،مقامی سطح پر دودھ 220 روپے اور دہی 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے ۔ شہریوں کے مطابق اس طرح کے عمل سے خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور کمزور افراد کی صحت متاثر ہو سکتی ہے ۔ اسی طرح شہریوں نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بعض قصابوں کی جانب سے غیر معیاری اور بیمار جانوروں کا گوشت فروخت کیا جا رہا ہے ۔اطلاعات کے مطابق چھوٹا گوشت 2600 روپے اور بڑا گوشت 1400 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے جبکہ گوشت کے معیار اور صفائی کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خوراک میں ملاوٹ اور ناقص صفائی کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ رہا ہے جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سمیت متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں۔، معائنہ مہم چلائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں