بی آر ٹی ییلو لائن منصوبے کی پیشرفت پر اجلاس

بی آر ٹی ییلو لائن منصوبے کی پیشرفت پر اجلاس

تعمیرات پرشہریوں اور تاجر برادری کے مفادات کا تحفظ کیاجائیگا:ڈی سی

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)گوجرانوالہ میں جدید اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری بی آر ٹی ییلو لائن منصوبے کی پیش رفت اور سٹی فلائی اوور سے متصل مجوزہ ٹنل کی تعمیر کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس گوجرانوالہ میں ہوا۔اجلاس کی مشترکہ صدارت پروجیکٹ ڈائریکٹر بی آر ٹی یلو لائن گوجرانوالہ و سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے کی۔ مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تاجر برادری کے تحفظات اور تجاویز بھی سنی گئیں اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ منصوبے کے تمام مراحل میں سٹیک ہولڈرز سے مسلسل مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر زاہد سعید اور نیسپاک حکام نے بتایا کہ ٹنل کی تعمیر کے مختلف آپشنز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد زمین کے حصول کی ضرورت 70 مرلہ سے کم کرکے 46 مرلہ تک محدود کر دی گئی ہے ، جبکہ ٹنل کی چوڑائی 30 فٹ سے کم کرکے 26 فٹ کر دی گئی ہے ۔ اس اقدام کا مقصد متاثرہ تاجروں کے ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کرنا اور عوامی مفاد کے ساتھ کاروباری برادری کے تحفظات کا بھی مکمل خیال رکھنا ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ گوجرانوالہ ہمارا مشترکہ شہر ہے اور شہریوں و تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بی آر ٹی یلو لائن گوجرانوالہ منصوبہ شہریوں کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کے ٹرانسپورٹ نظام میں انقلابی بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں