سمبڑیال میں بجلی کی گھنٹوں لوڈ شیڈنگ، زندگی اجیرن
کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر،طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں میں مشکلات
سمبڑیال (سٹی رپورٹر )سمبڑیال اور گردونواح میں بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، شدید گرمی کے موسم میں ‘‘پرمٹ اور فالٹ’’ کے نام پر کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن چکی ، غیر متوقع بندش کے باعث گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں گرمی کے موسم میں رات بجلی کی بندش سے رات جاگ کر گزارنی پڑی ، طلبہ بھی اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مشکلات محسوس کر رہے ہیں۔اس سنگین صورتحال کی اصلاح کے لئے متعدد بار عوامی نمائندوں سمیت گیبکو حکام کو آگاہ کیا جا چکا ہے تاحال کوئی مثبت نتائج سامنے نہیں آئے شہری حلقوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارہا شکایات کے باوجود متعلقہ حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ شہریوں نے حکومت، واپڈا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سمبڑیال اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔