گجرات:کار اور موٹر سائیکل میں تصادم ‘خاتون جاں بحق
45سالہ نصرت الیاس موقع پر ہی دم توڑ گئیں ، 2زخمی اور لاش ہسپتال منتقل
گجرات(سٹی رپورٹر )مراڑیاں شریف سٹاپ ، ہائی وے گجرات کے قریب تیزرفتار کار اور موٹر سائیکل کا تصادم، خاتون جاں بحق ،2 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار فیملی کے 3افراد شاہین چوک کی جانب جا رہے تھے کہ ایک تیز رفتار کار نے اوورٹیک کرتے ہوئے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار دو خواتین نصرت زوجہ الیاس عمر 45 سال، آنسہ زوجہ علی شیر عمر 20 سال اور ایک لڑکا شاہویز عمر 16 سال شدید زخمی ہو گئے ۔متاثرین میں شامل 45سالہ خاتون نصرت الیاس سر پر شدید چوٹ آنے کے باعث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔ریسکیو عملہ نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں دونوں زخمیوں اور لاش کو عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات منتقل کر دیا۔