محرم الحرام : حفاظتی انتظامات مکمل، سخت نگرانی کا حکم

محرم الحرام : حفاظتی انتظامات مکمل، سخت نگرانی کا حکم

چاروں اضلاع میں 1528جلوس اور 4402 مجالس منعقد ہونگی ،امن کمیٹی کے ارکان اور علما کرام سے قریبی رابطہ رکھنے پر زور، بجلی کی بلاتعطل سپلائی کی ہدایت

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)عشرہ محرم الحرام کے دوران فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں 1528 جلوس اور 4402 مجالس منعقد ہونگی جن کے پرامن ماحول میں انعقاد کے لئے تمام تر انتظامی و حفاظتی اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔یہ بات کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیرصدارت اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں ڈپٹی کمشنرز نے عشرہ محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر فیصل آبادکیپٹن(ر)ندیم ناصر نے بتایا کہ ضلع بھر میں 443 جلوس اور1281 مجالس ہونگی جن میں کیٹگری اے کے 36 جلوس اور 55 مجالس شامل ہیں۔

انہوں نے جلوسوں کے روٹس پر انتظامات اور ضلعی کنٹرول روم کے قیام کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے مرکزی کنٹرول روم اور سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے منسلک ہونگے اور لمحہ بہ لمحہ روٹس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈرنے بتایا کہ ضلع میں 493 جلوس اور 1902 مجالس کے انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں۔اسی طرح ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے بتایا کہ ضلع میں 334 جلوس اور 534 مجالس،ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے بتایا کہ ضلع میں 258 جلوس اور 685 مجالس کے پرامن انعقاد کے لئے تمام تر ضروری انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

کمشنر فیصل آباد نے عشرہ محرم الحرام سے قبل تمام تر ضروری انتظامات کو وضع کردہ چیک لسٹ کے مطابق سو فیصد مکمل کرنے ،روٹس پر پیچ ورک،لائٹس کے مناسب انتظامات اور بجلی کی بلاتعطل سپلائی کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔انہوں نے سیوریج سسٹم کی بحالی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فلیش پوائنٹس کو مسلسل چیک اور اضافی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔کمشنر نے عشرہ محرم الحرام انتظامات کی کامیابی کے لئے زیروٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے پانی،شربت کی سبیلوں کی چیکنگ کرنے ،امن کمیٹی کے ارکان اور علما کرام سے قریبی رابطہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ محکموں کو تفویض کردہ ذمہ داریوں کی کڑی مانیٹرنگ ناگزیر ہے تاکہ کسی جگہ معمولی سا بھی خلا باقی نہ رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں