ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کی کھلی کچہری، مسائل کے حل کے احکامات
شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح : عائشہ رضوان
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے ۔اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور شکایات تفصیل سے سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے ۔کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے صفائی ستھرائی، تجاوزات، صحت، تعلیم، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی مسائل پیش کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے ان مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام درخواستوں کو مقررہ وقت میں میرٹ پر حل کیا جائے ۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کے لیے سرکاری دفاتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور افسران کو عوامی مسائل کے حل کے لیے فیلڈ میں متحرک رہنا ہوگا۔انہوں نے ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کے مسائل توجہ سے سنیں اور ان کا قابل عمل و دیرپا حل یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کا سرکاری اداروں پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔