پولیس کے موثر اقدامات سے وارداتوں میں کمی ریکارڈ، شہریوں نے سکھ کا سانس لیا

پولیس کے موثر اقدامات سے وارداتوں میں کمی ریکارڈ، شہریوں نے سکھ کا سانس لیا

2025 کے مقابلہ میں وارداتوں میں 11ہزار سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ ،لو گ امن کیلئے پو لیس سے تعاون کریں:سی پی او

فیصل آباد (عبدالباسط سے ) جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی جانب سے کیے گئے جارحانہ اقدامات کے نتیجے میں ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، تاوان، قتل اور اقدامِ قتل سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جرائم کی شرح میں واضح کمی کے بعد شہری بھی پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرنے لگے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کی قیادت میں فیصل آباد پولیس نے جرائم پر قابو پانے اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں۔

مختلف تھانوں کی حدود میں ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں گزشتہ برس کے مقابلے میں جرائم کی مجموعی وارداتوں میں 11 ہزار سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔قتل کے 50، اقدامِ قتل کے 115، رابری کے 2257، چوری کے 1324 اور نقب زنی کے 921 کم واقعات رپورٹ ہوئے ۔موٹر سائیکل چھیننے کے 502 جبکہ گاڑی چوری اور چھیننے کے واقعات میں بھی نمایاں کمی کے ساتھ 2659 کم کیسز رپورٹ ہوئے ۔سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین نے شہریوں سے اپیل کی کہ جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا جرم کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں