چناب میں ڈوبنے والی ایک اور خاتون کی لاش مل گئی
عید کے دوسرے روز پیش آ نے والے حادثے میں ایک بچی تاحال لاپتہ
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )دریائے چناب میں ڈوبنے والی ایک اور خاتون کی لاش 10روز بعد مل گئی ،ایک بچی تاحال لاپتہ ہے ۔ عیدالاضحی کے دوسرے روز کوٹ بیلہ کی رہائشی خواتین اور بچیاں دریا کو عبور کرکے خشکی کی جانب جا رہی تھیں کہ اچانک تیز بہاؤ اور گہرے پانی کی زد میں آ گئیں، دیکھتے ہی دیکھتے ایک ہی خاندان کی 3 خواتین اور 5بچیاں بے رحم موجوں کا شکار ہو گئیں ، واقعہ کے فوری بعد مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور 4افراد کو بچانے میں کامیاب ہو گئے تاہم دیگر افراد بہہ گئے ۔ حادثے میں 30سالہ حفظہ بی بی، 8سالہ سیرت شہزادی اور اب 28سالہ سامعہ جاں بحق ہو چکی ہیں جن کی لاشیں مختلف اوقات میں سرچ آپریشن کے دوران برآمد کی گئیں، ریسکیو 1122کی ٹیموں نے مسلسل جدوجہد کے بعد 28سالہ سامعہ کی لاش دریا سے برآمد کر کے ورثا کے حوالے کر دی۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں لاپتہ ہونے والی 10 سالہ ایمان فاطمہ کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے ۔ غوطہ خور دریا کے مختلف مقامات پر جدید آلات کی مدد سے تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بچی کا سراغ جلد مل جائیگا۔