تاجروں نے فکسڈ ٹیکس کومعاشی قتل کے مترادف قرار دیدیا

 تاجروں نے فکسڈ ٹیکس کومعاشی قتل کے مترادف قرار دیدیا

مہنگائی نے کمر توڑ دی ، نئے ٹیکس اور جرمانے معاشی مشکلات میں اضافہ کر ینگے :تاجر

علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )چھوٹے دکانداروں کیلئے فکسڈ ٹیکس سکیم معاشی قتل کے مترادف ہے ، تجارتی حلقے سراپا احتجاج بن گئے ۔ مختلف بازاروں میں سروے کے دوران دکانداروں نے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی فکسڈ ٹیکس سکیم کو چھوٹے کاروباروں کے لیے معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے ان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جبکہ اب نئے ٹیکسوں اور جرمانوں کی صورت میں مزید بوجھ ڈالنا چھوٹے کاروباروں کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے ۔ دکانداروں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران کاروباری حالات انتہائی خراب ہو چکے ہیں۔ بجلی اور گیس کے بلوں میں مختلف ناموں سے عائد ٹیکسز کی بھرمار، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، ادویات اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام شہری اور چھوٹے تاجر دونوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ محدود آمدن اور کمزور خریداری قوت کے باعث پہلے ہی کاروبار خسارے کا شکار ہیں ایسے حالات میں فکسڈ ٹیکس سکیم کے تحت بھاری جرمانوں کی تجویز سراسر ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی دکاندار سے کسی مرحلے پر قواعد کی خلاف ورزی سرزد ہو جائے تو پہلے ماہ10ہزار روپے ، دوسرے ماہ25ہزار روپے اور تیسرے ماہ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی شقیں ناقابل قبول ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر کاروبار چلانے والے افراد بمشکل گھروں کا چولہا جلاتے ہیں، نئے ٹیکس اور جرمانے انہیں مزید معاشی مشکلات میں دھکیل دیں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں