تتلے عالی:کھمبوں کی منتقلی کا سیفٹی پلان عملدرآمد کا منتظر
گیپکو کی ہیوی ٹرانسمشن کے نیچے ہزاروں دکانیں،کارخانے ،رہائشی عمارتیں تعمیر
تتلے عالی(نامہ نگار )ہیوی ٹرانسمشن ،کھمبوں کی منتقلی کیلئے گیپکو سیفٹی پلان پر9سال بعد بھی عمل درآمد نہ ہو سکا۔ تتلے عالی میں محلہ ابراہیم کالونی،فیصل کالونی،واپڈا دفتر کالونی،حویلی مہراں،محلہ راجپوتاں،مین بازار،محلہ اسلام پورہ، کامونکی روڈ،مین گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ،نوشہرہ روڈنواحی علاقے مرالی والہ،گھمن والا،کوٹ بلال،بیگ پور،ارتالی ورکاں،تنگ کلاں،ہردو اودھے ،قلعہ مصطفی آباد،مجوچک سمیت متعدد دیہی علاقوں کے علاوہ نئی نجی رہائشی سکیموں میں گیپکو کی ہیوی ٹرانسمشن کے نیچے ہزاروں کی تعداد میں دکانیں،کارخانے ،رہائشی عمارتیں تعمیر ہو گئی ہیں جبکہ ان مقامات پر سینکڑوں کی تعداد میں بجلی کے کھمبے نصب ہیں۔ہیوی ٹرانسمشن لائنوں کے گزرنے سے گزشتہ8 سال میں9سے زائد حادثات رونما ہو چکے ہیں جن میں5افراد کی ہلاکت اور متعدد جھلس کر معذور ہو چکے ہیں۔گیپکو حکام نے 2017میں ہنگامی بنیادوں پر سیفٹی پلان تشکیل دے کر بجلی کی تنصیبات ہٹانے کا حکم دیاتھا جس کے تحت ایس ڈی اوز کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ماہانہ ایک ٹرانسمشن لائن اور پول محفوظ مقام پر منتقل کریں لیکن 9سال گزرنے کے باوجود اس پر عمل درآمد نہ ہونے سے آج بھی ہزاروں مکینوں کے سر پر موت کے سائے منڈلا رہے ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اصلاح کا مطالبہ کیا ہے ۔