ترقیاتی منصوبے کرپشن کی بھینٹ چڑھ چکے ، ثروت قادری
کرپشن نے ملک کے سب سے بڑے شہر کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ناقص مٹیریل استعمال کرنے والوں کا فوری احتساب کیا جائے ،چیئرمین سنی تحریک
کراچی (این این آئی)پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں بدترین تاخیر،ناقص منصوبہ بندی،غیر معیاری تعمیرات اور کھلے عام کرپشن نے ملک کے سب سے بڑے شہر کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ۔عوام روزانہ ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، کھدے ہوئے راستوں،سیوریج کے مسائل،ٹریفک جام اور بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ ذمہ دار ادارے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر اپنی نااہلی چھپانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں جتنی تاخیر ہوتی ہے اتنا ہی کرپشن میں اضافہ ہوتا ہے ۔ایک منصوبہ جو چند ماہ میں مکمل ہونا چاہیے ،وہ برسوں تک عوام کے لیے عذاب بنا رہتا ہے ، اس دوران اس کی لاگت کئی گنا بڑھا دی جاتی ہے اور قومی خزانے سے اربوں روپے نکال لیے جاتے ہیں۔یہ صورتحال عوام کے ٹیکس کے پیسے کے ساتھ سنگین ناانصافی اور بدعنوانی کی واضح مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ بار بار سڑکیں توڑنا، ناقص تعمیرات کرنا اور چند ماہ بعد دوبارہ انہی منصوبوں پر فنڈز خرچ کرنا منظم کرپشن کی نشاندہی کرتا ہے جس کی آزادانہ تحقیقات ناگزیر ہیں۔انہوں نے حکومت سندھ،بلدیاتی اداروں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر، کرپشن اور ناقص تعمیرات کے ذمہ دار ان کا بلاامتیاز احتساب کریں۔