وزیرآباد :سکیورٹی کیمروں سے ٹریفک چالانوں کی بازگشت
دیہی سڑکوں پر موٹروے یا ہائی ویز جیسے قوانین لاگو کرنا ناانصافی ہوگی:شہری
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )سکیورٹی کیمروں سے ممکنہ ٹریفک چالانوں کی بازگشت، وزیرآباد کے شہریوں اور دیہی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں سکیورٹی مقاصد کیلvے نصب کیے گئے کیمروں کے ذریعے شہریوں کے بھاری ٹریفک چالان کیے جانے کی خبروں نے عوامی حلقوں میں شدید تشویش اور بے چینی پیدا کر دی ۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور شدید معاشی بدحالی کے باعث عوام پر بھاری بھرکم چالان تھوپنا بدترین ناانصافی ہے ۔ صدر انجمن تحفظ حقوق عوام افتخار احمد بٹ و دیگر شہریوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیرآباد کوئی ویٹی کن سٹی نہیں جہاں اعلیٰ معیار کی سہولیات ہوں، عام اور پسماندہ علاقوں کے غریب لوگوں پر ہائی ویز کے سخت قوانین لاگو کر کے محکمے اپنے ٹارگٹ پورے کریں گلی محلوں میں چند فٹ کے فاصلوں پر ادویات یا ناشتہ لینے نکلے افراد بے رحم چالانوں کی بھینٹ چڑھا دئیے جائیں۔عوام کے مطابق سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت، جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ اور ترقیاتی کاموں کے بعد سڑکوں پر ملبہ چھوڑ د ئیے جانے ، ناجائز پارکنگ سٹینڈز، تجاوزات کے باعث روزانہ خونی حادثات جنم لے رہے ہیں۔ انتظامیہ کو عوام پر قوانین کا نفاذ کرنے سے قبل اپنی مجرمانہ غفلت اور سڑکوں کی بدحالی کی جانب توجہ دینی چاہیے ۔ دیہی علاقوں کے مکینوں کا موقف ہے کہ سکیورٹی مقاصد کی حد تک کیمروں کی تنصیب خوش آئند اقدام ہے لیکن دیہی سڑکوں پر موٹروے یا ہائی ویز جیسے سخت قوانین لاگو کرنا سراسر ناانصافی ہوگی۔