گورنمنٹ کالج لدھیوالہ ‘زائد فیسوں کی وصولی پر انکوائری
طالبات اور والدین کی تذلیل ،درخت کٹوا کر چوری کی شکایات پر بیانات قلمبند انکوائر ی آفیسرز کی در خواست دہندگان کو میرٹ پر فیصلہ کرنے کی یقین دہانی
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار، نمائندہ خصوصی )شہریوں کی جانب سے وزیر اعظم ،وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت دیگر فورمز پر گورنمنٹ گریجوایٹ کالج لدھیوالہ کی پرنسپل کی جانب سے فیسوں کی مد میں اوور چارجنگ، طالبات اور والدین کی تذلیل کرنے ، کالج کا سامان چوری کرنے سمیت دیگر شکایات کی درخواستوں پر انکوائری آفیسرز نے متاثرین کے بیانات قلمبند کرلئے ۔ بتایا گیا ہے کہ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج لدھیوالہ کی پرنسپل سجیلا رحمن کی جانب سے زائد داخلہ فیس، سالانہ فیس اور رولنمبر سلپ دینے کی مد میں طالبات سے زائد وصولی کی شکایات پر انکوائری آفیسر پروفیسر ڈاکٹر ضیا اﷲ کھوکھر اور فرحانہ فہیم نے گورنمنٹ ڈگری کالج لدھیوالہ کا وزٹ کیا اور درخواست دہندگان عامر شہزاد ،غلام رسول ،اعجاز میراں ،عمر فاروق دھاریوال، عبدالوحد سمیت دیگر سے ملاقات کی اور ان کے بیانات قلمبند کئے ، متاثرین نے انکوائری آفیسرز کو پرنسپل سجیلا رحمن کی جانب سے مبینہ زائد فیسوں کی وصولی اور طالبات کی تذلیل، فن فیئر میں نہ آنے کے باوجود طالبات سے جبری 500روپے انٹری فیس کی وصولی اور کالج سے درخت کٹوا کر چوری فروخت کرنے بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر عامر شہزاد نے بتایا کہ اسے دو روز سے دھمکی آمیز فون کر ائے جا رہے ہیں۔ انکوائری آفیسرز نے کٹوائے گئے درختوں کا جائزہ لیا اور متاثرین کو یقینی دہانی کر ائی کہ فیصلہ میرٹ پر کیا جائیگا۔