سیالکوٹ:بارش کا پانی دکانوں میں داخل ، تاجروں کا احتجاج
لاکھوں روپے کا نقصان ، قیمتی ملبوسات خراب ، برتن پانی میں تیر تے رہے
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )واسا کے خلاف تاجر برادری کا پہلا احتجاج ریکارڈ کا حصہ بن گیا۔کارکردگی فوٹوسیشن تک محدود۔چند گھنٹے کی بارش نے واسا کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔اڈہ پسروریاں امام بارگاہ کے قریبی روڈ پر تاجر برادری نے صدر و جنرل سیکرٹری سمیت متعدد دکانداروں نے احتجاج کیا ،انکا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں کی بارش سے نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کے باعث درجنوں دکانوں میں پانی داخل ہونے سے دکانداروں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ،کپڑے کی دکانوں میں پانی داخل ہونے سے دکانداروں کے قیمتی ملبوسات خراب ہو گئے ،برتنوں کی دکانوں میں پانی سے برتن پانی میں تیرتے رہے۔
تاجر برادری کا کہنا ہے کہ صفائی کا ناقص انتظام ہونے کے بعد اڈہ پسروریاں کے نالوں سی نکالا جانے والا کچرا اٹھایا نہیں گیا جو بارشی پانی میں شامل ہو کر دکانوں میں داخل ہوا جس سے دکانوں میں پانی کے ساتھ بدبو کی وجہ سے مال ناقابل فروخت ہو گیا تاجروں کا کہنا ہے کہ واسا کے اہلکار فوٹو سیشن کر کے چلے گئے اور سوال کرنے پر بتایا کہ یہ علاقہ انکا نہیں ۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اقبال روڈ اور اسلام آباد چوک تک تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے بارشی پانی اڈہ پسروریاں سے امام بارگاہ تک نہر کا منظر پیش کرتا رہا۔