ایزی پیسہ کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر ڈیجیٹلائزیشن آف پیمنٹس کا آغاز
ایئرپورٹ کو کیش لیس اور مستقبل سے ہم آہنگ سفری نظام میں منتقلی کی جانب ایک اہم قدم
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )پاکستان کے معروف ڈیجیٹل بینک ایزی پیسہ نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) اور سٹیٹ بینک کے تعاون سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صارفین کی ادائیگیوں کے ٹچ پوائنٹس کو ڈیجیٹائز کردیا ہے ۔ یہ اقدام ایئرپورٹ کو کیش لیس اور مستقبل سے ہم آہنگ سفری نظام میں منتقلی کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید تھے ۔
تقریب میں ایزی پیسہ کے چیف ڈیجیٹل آفیسر فرحان حسن اور چیف بزنس آفیسر شہزاد خان سمیت ایزی پیسہ کی قیادت نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور اسلام آباد ایئرپورٹ مینجمنٹ کے دیگر حکام اور اسٹیک ہولڈرز بھی موجود تھے ۔ڈیجیٹائزیشن مہم کے تحت ایزی پیسہ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اہم صارف ٹچ پوائنٹس پر کیو آر کوڈز (QR Codes) نصب کیے ہیں، جس کے ذریعے ایئرپورٹ کے سالانہ لاکھوں مسافروں کو QR اور ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے بغیر کسی رکاوٹ ادائیگیاں کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔