صدر گوجرانوالہ چیمبر کی 5ممالک کے سفرا سے ملاقاتیں

صدر گوجرانوالہ چیمبر کی 5ممالک کے سفرا سے ملاقاتیں

سفارتی روابط عالمی منڈیوں میں کاروباری مواقعوں کیلئے معاون ہونگے :علی ہمایوں

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)صدر چیمبر علی ہمایوں بٹ نے سینئر نائب صدر سعد جمیل عرفانی کے ہمراہ ایک ہی روز میں پانچ اہم ترین ممالک کے سفارتکاروں سے کامیاب مذاکرات کئے جن میں چیک جمہوریہ کے سفیر لادیسلاو اسٹینہوبل، یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک، پولینڈ کے فرسٹ سیکرٹری پاویل موکرازیکی، ہنگری کے سفیر ڈاکٹر زولتان ورگا اور میانمار کے سفیر وونا ہان شامل ہیں جبکہ ان ملاقاتوں کا بنیادی ایجنڈا گوجرانوالہ کے غیر ملکی تجارتی حجم میں اضافہ اور باہمی اقتصادی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر چیمبر کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ کی بزنس کمیونٹی کو بین الاقوامی تجارتی دھارے میں شامل کرنا اور برآمدات کو بڑھانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سفارتی روابط مقامی صنعتکاروں کو عالمی منڈیوں سے براہِ راست جوڑنے اور نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے میں کلیدی ثابت ہوں گے جبکہ گوجرانوالہ چیمبر تاجر برادری کے معاشی مفادات کے تحفظ کیلئے اپنی سرگرمیاں اسی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گا۔ صدر چیمبر نے اس موقع پر دوطرفہ روابط بڑھانے کی بات کرتے ہوئے زور دیا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی وفود کے تبادلے ناگزیر ہیں اور مستقبل میں باہمی تجارت کے فروغ کیلئے مختلف ایم او یوز پر دستخط کئے جائیں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں