واہنڈو:3دہائیاں قبل تعمیر رانا روڈ انتہائی خستہ حال
متعدد مقامات پر گہرے گڑھے پڑ جانے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا
واہنڈو(نامہ نگار)واہنڈو کی اہم اور مرکزی گزرگاہ رانا روڈ 3دہائیوں سے تعمیر و مرمت سے محروم ہونے کے باعث انتہائی خستہ حال ہو گئی ،سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی اور متعدد مقامات پر کھڈے پڑ جانے کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق بارش کے دنوں میں صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے ، جب سڑک پر جمع ہونے والا پانی کھڈوں کو چھپا لیتا ہے اور پیدل چلنا بھی محال ہو جاتا ہے ۔ خاص طور پر اس سڑک پر واقع جامع مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والے نمازیوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جن میں بزرگ اور بچے بھی شامل ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رانا روڈ نہ صرف رہائشی علاقوں کو ملاتی ہے بلکہ یہ متبادل راستے کے طور پر بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے ، اگر اس سڑک کی فوری تعمیر کر دی جائے تو مین بازار میں ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکتی ہیں۔