جامکے چٹھہ:صفائی کے ناقص انتظامات ‘صورتحال ابتر

جامکے چٹھہ:صفائی کے ناقص انتظامات ‘صورتحال ابتر

نواحی گاؤں ککہ کولو میں کوڑے کے ڈھیر ،مکھی و مچھر کی افزائش ، شہری پریشان

جامکے چٹھہ(نامہ نگار)نواحی گاؤں ککہ کولو میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث صورتحال ابتر ہو گئی ۔ آبادی کے چاروں اطراف جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر لگ چکے ہیں جن سے نہ صرف تعفن پھیل رہا ہے بلکہ مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی ہے ۔گاؤں ککہ کولو کے رہائشیوں کے مطابق صفائی کا عملہ باقاعدگی سے کوڑا کرکٹ اٹھانے میں ناکام دکھائی دیتا ہے جس کی وجہ سے گلیوں، سڑکوں اور خالی پلاٹوں میں کچرا جمع ہو کر بیماریوں کو دعوت دے رہا ہے۔

گندگی کے ڈھیروں سے مچھروں اور مکھیوں کی افزائش میں اضافہ ہو رہا ہے جو ڈینگی، ملیریا اور دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے ، عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور کچرا اٹھانے کیلئے باقاعدہ شیڈول ترتیب دیا جائے تاکہ علاقے کو صاف ستھرا بنایا جا سکے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ مزید سنگین ہو سکتا ہے اور صحت عامہ کیلئے خطرہ بن سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں