برلب سڑک مین ہول دب جانے سے گڑھا بن گیا
ماجرہ روڈ اعظم ٹاؤن شہریوں کی آ مدورفت کا بڑا ذریعہ،کسی بھی حادثے کا خدشہ
سمبڑیال(سٹی رپورٹر )برلب سڑک مین ہول دب جانے سے خطرناک گڑھا بن گیا ،کسی بھی حادثے کا خدشہ ہے ۔ ماجرہ روڈ اعظم ٹاؤن نزد بیکن انسٹیٹیوٹ سمبڑیال پر مین ہول دب جانے کے باعث سڑک کے درمیان ایک خطرناک گڑھا بن گیا جس سے اہلِ علاقہ اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ راستہ متعدد دیہات کے عوام کیلئے آمدورفت کا اہم ذریعہ ہے جبکہ روزانہ بڑی تعداد میں سکول کے بچے بھی اسی سڑک سے گزرتے ہیں۔
صبح سویرے اور رات کے اندھیرے میں یہ گڑھا کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے ، خصوصاً موٹر سائیکل سوار اور گاڑیوں کیلئے یہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے ۔ سڑک پر گاڑیوں کے جمپ لگنے سے بھی نقصان اور حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ایل علاقہ نے ڈی سی سیالکوٹ، اسسٹنٹ کمشنر عدنان بشیر وڑائچ اور متعلقہ بلدیاتی حکام سے نوٹس لینے اور مین ہول کی مرمت کر کے گڑھے کو فوری طور پر پر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔