منڈی بہاؤالدین :تاجرکااندھا قتل ٹریس‘3ملزم گرفتار
قدیر کو قتل کرکے لاش نہر کنارے پھینک دی تھی ،لوٹی رقم اور آلہ قتل بھی برآمد
منڈی بہاؤالدین (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر منڈی بہاؤالدین کامران عامر خان کی ہدایت پر سی آئی اے سٹاف نے ایک اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی نشاندہی پر آلۂ قتل اور واردات کے دوران لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔ ڈی ایس پی سی آئی اے عامر شاہین گوندل کی سربراہی میں ایس آئی محمد آصف، ہیڈ کانسٹیبل فخر اعجاز اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے تھانہ کٹھیالہ شیخاں کے علاقے میں پیش آنیوالے قتل کے مقدمے کی جدید سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کی خفیہ اطلاعات اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں 3ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزموں نے تاجر قدیر کو قتل کرنے کے بعد جرم چھپانے کی غرض سے لاش نہر کے کنارے پھینک دی تھی۔ دورانِ تفتیش ملزمان کی نشاندہی پر آلۂ قتل اور مقتول سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔