گجرات چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے دوبارہ الیکشن کا حکم
اسلام آ باد ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آ ئند ،مخالفین کو بھاگنے نہیں دینگے :رضوان دلدار
گجرات(سٹی رپورٹر، نامہ نگار )اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر اپیل نمٹا دی گئی جس کے مطابق گجرات چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے انتخابات دوبارہ کرائے جائیں گے ۔ انتخابات ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ 2013، ٹریڈ آرگنائزیشنز رولز 2013، کمپنیز ایکٹ 2017اور چیمبر کے آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن کے مطابق منعقد ہوں گے ۔ ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز عدالتی حکم موصول ہونے کے 15 دن کے اندر ایک دیانتدار اور غیرجانبدار الیکشن کمشنر مقرر کریں گے ، ترجیحاً ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج یا سینئر ریٹائرڈ سرکاری افسر الیکشن کمشنر انتخابی فہرست کو حتمی شکل دے گا، انتخابی شیڈول جاری کرے گا اور 90دن کے اندر ایگزیکٹو کمیٹی اور عہدیدار وں کے انتخابات مکمل کرائے گا۔ گجرات چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز فرینڈز گروپ کے صدر رضوان دلدار نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب الیکشن سے کسی کو بھاگنے نہیں دینگے الیکشن کے خلاف سٹے لینے والے اب بھاگنے کی ترکیب سوچ رہے ہیں مگر اب انہیں بھاگنے نہیں دینگے الیکشن کے خلاف جانے والوں کو منہ کی کھانا پڑی۔