گجرات چیمبر :گیس قیمتوں میں اضافے پر مذمتی قرارداد منظور
مسلسل اورغیر معمولی اضافہ گجرات کی پاٹری انڈسٹری کیلئے تشویش کا باعث قرار
گجرات (نامہ نگار ، سٹی رپورٹر )گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی ۔ گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس میں صدر احمد حسن کی زیرِ صدارت گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔قرارداد میں کہا گیا کہ گیس کی قیمتوں میں مسلسل اور غیر معمولی اضافہ گجرات کی پاٹری انڈسٹری کیلئے شدید تشویش کا باعث ہے اور اس سے یہ صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ سکتی ہے ۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ گیس پاٹری انڈسٹری کا بنیادی خام مال ہے جبکہ گزشتہ چند دنوں کے دوران گیس کی قیمتوں میں تقریباً دوگنا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت تقریباً دو ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے ۔ایگزیکٹو باڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صنعتوں، خصوصاً پاٹری انڈسٹری، کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ پیداواری لاگت میں بے پناہ اضافے کو روکا جا سکے اور روزگار و برآمدات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک سے پْرزور اپیل کی کہ گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور صنعت دوست پالیسی اختیار کرتے ہوئے پاٹری انڈسٹری کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments