وزیرآباد بازار میں تجاوزات برقرار‘ آمدورفت میں مشکل
بازار کی گزرگاہیں سکڑ گئیں ‘رکشہ ڈرائیوروں نے غیرقانونی اڈے بنالئے
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیرآباد کے مین بازار میں بیوٹیفکیشن منصوبے کے باوجود تجاوزات کا مسئلہ برقرار ہے ، جسکے باعث بازار کی گزرگاہیں سکڑ گئی ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ چاند گاڑی رکشوں، ریڑھی بانوں اور چھابڑی فروشوں نے مختلف مقامات پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، جبکہ بعض رکشہ ڈرائیوروں نے غیرقانونی اڈے بنا لئے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ بعض ڈرائیوروں کے نامناسب رویے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔شہریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ تجاوزات کے باعث نہ صرف پیدل چلنے والوں بلکہ خریداروں، دکاندارو ں اور ٹریفک کی روانی کو بھی شدید متاثر ہونا پڑ رہا ہے ۔ ان کے مطابق متعلقہ انتظامیہ اور پیرا فورس مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے ۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مین بازار کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments