بارشوں، سیلاب کا بہانہ بناکر سبزی کی قیمتوں میں اضافہ
مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری ریٹ لسٹ نظر انداز ،خودساختہ قیمتیں مقرر
موترہ(نامہ نگار )ڈسکہ اور گرد و نواح میں بارشوں کا بہانہ بناکر سبزی کی قیمتوں میں اضافہ کردیاگیا۔ سبزی کی قیمت میں روز بروز اضافہ نے شہریوں کی پریشانی بڑھا دی، مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کی جانیوالی ریٹ لسٹ کے بجائے سبزی فروشوں نے اپنے ریٹ مقرر کرلیے ، علاقہ بھرمیں سبزی فروشوں نے سبزی کی قیمتوں میں چار گناہ اضافہ کردیا ، کوئی بھی سبزی ایسی نہیں ہے جو 300روپے کلو سے کم ہو ، ٹینڈے 380روپے فی کلو مل رہے ہیں کریلے 380روپے ’بھنڈی 400روپے فی کلواور کدو شریف 350روپے فی کلو مل رہاہے ، سبزی کی قیمتوں میں اضافہ سے شہریوں اور د کانداروں میں بحث و مباحثہ دیکھنے کو آرہا ہے شہریوں کاکہنا ہے کہ ایک ہفتہ قبل جن سبزیوں کی قیمتوں 100سے 120روپے فی کلوتھیں ان کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوگیا جو قیمت ریٹ لسٹ پرلکھی ہوئی ہے اس حساب سے کوئی بھی سبزی نہیں مل رہی، پرائس کنٹرول کمیٹیاں زائد قیمت پر سبزی فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کریں ۔ دکانداروں کاکہناہے کہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے مقامی فصل خراب ہوگئی اور سبزی دور دراز کے علاقوں سے آرہی ہیں ہمیں سبزی منڈی سے جس حساب سے سبزی مہنگی ملتی ہے تواس کے مطابق فروخت کررہے ہیں مہنگی خرید کر سستی کیسے فروخت کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments