تنخواہ کٹوتی ، میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے ملازمین کا احتجاج
پوری تنخواہ کی ہدایات کے باوجود کلرک من مانی کر رہے :چیف آفیسر
ڈسکہ(نامہ نگار )میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں میں مبینہ کٹوتیوں کا سلسلہ جاری ہے جس پر ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔ ملازمین کے مطابق گزشتہ ماہ ان کی تنخواہوں سے 14ہزار روپے جبکہ رواں ماہ 6ہزار روپے تک کٹوتی کی گئی جس کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے ، ملازمین کا کہنا ہے کہ ہر ماہ تنخواہوں میں کٹوتی کی جا رہی ہے جو سراسر زیادتی ہے ۔ مہنگائی کے دور میں پہلے ہی محدود آمدن سے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہو چکا جبکہ تنخواہوں میں مزید کٹوتیوں نے مشکلات میں اضافہ کر دیا ، ملازمین نے الزام عائد کیا کہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی فیصل شہزاد کلرکوں کے سامنے بے بس نظر آ رہے ہیں اور مبینہ طور پر کلرک من مانی کر رہے ہیں، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ انہوں نے کلرکوں کو متعدد بار ہدایت کی ہے کہ ڈیلی ویجز ملازمین کو پوری تنخواہیں ادا کی جائیں تاہم کلرک من مانیاں کر رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments