سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل کیخلاف انکوائری میں سنسنی خیز انکشافات
اظہر چیمہ کے دو اکاؤنٹس میں کروڑوں موجود،3گاڑیاں،قیمتی گھربھی تیار کیاجارہا
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل گوجرانوالہ کیخلاف حساس ادارے کے افسر کے نام پر شہری سے ساڑھے چار کروڑ رشوت لینے کا مقدمہ میں اظہر چیمہ کی اثاثہ جات اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بارے اعلیٰ سطح انکوائری میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے ۔ ذرائع کے مطابق معطل سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل گوجرانوالہ اظہر چیمہ کے دو بینک اکاؤنٹس میں کروڑوں کی موجودگی سامنے آئی ہے ،اعلیٰ سطح انکوائری میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اظہر چیمہ کے پاس کروڑوں کی تین گاڑیاں تھیں ان میں سے ایک ایم جی گاڑی جو ایک کروڑ مالیت کی ہے اینٹی کرپشن حکام نے ساڑھے چار کروڑ رشوت لینے کے مقدمہ میں قبضہ میں لے لی ہے جبکہ دوسری گاڑی جو حال ہی میں گوجرانوالہ کے صنعتکار سے کروڑوں میں خریدی گئی ۔ انکوائری میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے لاہور کے پوش علاقے میں اظہر چیمہ کروڑوں مالیت کا گھر بھی بنا رہے ہیں ۔ ذرائع کا کہناہے کہ سنٹرل جیل میں ترقیاتی کاموں اور آفیسر کی رہائش گاہ میں تتزئین و آرائش بارے تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں اور انکوائری کا دائرہ کارمزید وسیع کر دیا گیا ہے ،مزید انکشافات کی توقع ہے ۔ذرائع کے مطابق انکوائری میں سامنے آنے والے اثاثہ جات اور بینک اکاؤنٹس بارے اعلیٰ افسروں کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ احتساب کے عمل سے کوئی چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو نہیں بچ سکے گا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments