گلیانہ:اسلحہ کی نمائش ،فائرنگ ،لڑائی جھگڑے ،شہری خوفزدہ
گشت کا نظام مؤثر بنا کر جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے :شہری
گلیانہ(نامہ نگار )تھانہ گلیانہ کی حدود میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او گجرات سے فوری نوٹس لیکر موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور نوجوانوں کے درمیان لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے جبکہ گشت کا نظام بھی مؤثر نظر نہیں آتا۔تھانہ گلیانہ کے نواحی علاقوں ٹھوٹھہ رائے بہادر، گوٹریالہ، بدھ چک، منگلیہ، ملکہ اور دیگر دیہات میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے ۔ عوامی حلقوں کے مطابق بعض سنوکر کلبوں اور ہوٹلوں پر رات گئے تک نوجوانوں کا رش رہتا ہے جس کے باعث مختلف ناخوشگوار واقعات کا خدشہ رہتا ہے ۔ چند روز قبل تھانہ گلیانہ کے علاقہ جھانٹلہ میں بھی لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ اور ڈنڈوں کے آزادانہ استعمال کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 3 افراد زخمی ہوگئے تھے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں پولیس گشت کا نظام مؤثر بنایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments