وزیر آباد :ٹرانسفارمرز کی خرابی ،بوسیدہ کیبلز جلنا معمو ل
غیر اعلانیہ اور بدترین لوڈشیڈنگ سے صارفین شدید مشکلات سے دوچار
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیرآباد شہر میں غیر اعلانیہ اور بدترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا، گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کے ترسیلی نظام نے بھی جواب دے دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ 10 سے 12 گھنٹے تک بجلی کی بندش، ٹرانسفارمرز کی خرابی اور بوسیدہ کیبلز جلنے کے واقعات معمول بن گئے ہیں جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی بحالی کئی کئی گھنٹوں اور بعض اوقات دنوں تک ممکن نہیں ہو پاتی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیرآباد کے بیشتر علاقوں میں نصب پرانے اور بوسیدہ ٹرانسفارمرز شدید گرمی میں جواب دے جاتے ہیں جس کے باعث شہری مسلسل اذیت میں مبتلا ہیں۔ بجلی کی طویل بندش سے گھروں میں بچے ، بزرگ اور مریض شدید پریشانی کا شکار جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہزاروں روپے کے بجلی بل باقاعدگی سے ادا کرنے کے باوجود انہیں بنیادی سہولت کیلئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ شکایات کے فوری ازالے میں مبینہ تاخیر اور فیلڈ عملے کی کمی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ۔ صارفین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بوسیدہ ٹرانسفارمرز اور کیبلز کو فوری تبدیل، ترسیلی نظام کو جدید خطوط پر استوار اور فیلڈ عملے کی کمی کو دور کیا جائے تاکہ شہریوں کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments