ڈی آئی جی آپریشنز کی آن لائن کچہری، 10 ہزار افراد شریک
متعلقہ افسروں کو مسائل ترجیحاً حل کرنے ،شہریوں کو فیڈ بیک دینے کی ہدایت
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے روایتی کھلی کچہری کے بعد پولیسنگ کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم تک پہنچاتے ہوئے پہلی فیس بک آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا، پاکستان سمیت دنیا بھرسے 10 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے ۔شہریوں نے پولیس سے متعلق مسائل، شکایات اور اپنی آرابراہِ راست ڈی آئی جی آپریشنز تک پہنچائیں۔ فیصل کامران نے فیس بک پر پیغامات کے ذریعے رابطہ کرنے والے متعدد شہریوں کو فون کرکے مسائل سنے اور لاہور سے متعلق شکایات نوٹ کرتے ہوئے متعلقہ افسروں کو ترجیحی بنیادوں پر مسائل حل کرنے اور شہریوں کو فیڈ بیک دینے کی ہدایت کی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ شہریوں کی نشاندہی پر ایکشن ہوگا، شکایت کے حل تک فالو اَپ کا مؤثر میکانزم بنایا جا رہا ہے۔ شہری پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ ، منشیات جیسی سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دیں، نام اور شناخت کو صیغئہ راز میں رکھاجائیگا۔ مساج سنٹرز کی آڑ میں سرگرمیوں کیخلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے جعلساز ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے کہا شہری پراپرٹی یا پلاٹ خریدنے سے قبل ایل ڈی اے سے سوسائٹی کی منظوری بارے تصدیق کریں اور لین دین کا ہمیشہ تحریری معاہدہ کریں۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ہفتے کے چھ روز دفتر ڈی آئی جی آپریشنز میں کھلی کچہری جبکہ ہر اتوار آن لائن فیس بک کھلی کچہری لگائی جائیگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments