ظہور پیلس کی سیاست شہر کی بربادی کی ذمہ دار :فخر پگانوالہ
حکمرانوں نے سیوریج اور ڈرینج کے نام پر عوام کو لالی پاپ کے سوا کچھ نہیں دیا
گجرات (نامہ نگار )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میاں فخر مشتاق پگانوالہ نے گجرات میں سیوریج اور ڈرینج کے دیرینہ مسائل، فنڈز کی مبینہ بندربانٹ اور تباہ حال انفراسٹرکچر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ظہور پیلس کی سیاست اور ماضی میں تعینات رہنے والے افسر وں کو شہر کی بربادی کا ذمہ دار قرار دیا، انہوں نے کہا کہ گجرات کی بدقسمتی رہی ہے کہ یہاں اقتدار میں آنے والے حکمرانوں نے سیوریج اور ڈرینج کے نام پر عوام کو صرف کھوکھلے نعروں اور لالی پاپ کے سوا کچھ نہیں دیا جہاں ظہور پیلس گجرات کی سیاسی و انتظامی تباہی کا بنیادی ذمہ دار ہے وہیں یہاں تعینات رہنے والے افسر بھی برابر کے شریک ہیں جنہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن کی مد میں کروڑوں اربوں روپے بٹورے اور شہر کو مسائل کی دلدل میں دھکیل کر چلے گئے ، میاں فخر مشتاق پگانوالہ نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ گجرات سے کروڑوں روپے کما کر دیگر اضلاع یا عہدوں پر منتقل ہونے والے تمام سابق افسر وں کا بلاامتیاز اور بے رحمانہ احتساب کیا جائے وہ جہاں بھی موجود ہیں ان سے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے ۔میاں فخر پگانوالہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 25 سال سے سیوریج کا مسئلہ جوں کا توں ہے جس کی وجہ سے ہر سال برسات میں شہریوں کو اربوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments