ضمنی انتخابات میں چھینی نشست واپس لیں گے :میاں طارق
عام انتخابات میں 30ہزار ووٹ سے جیتے ، فارم 47پر ہرایا گیا :دنیا سے گفتگو
لدھیوالہ وڑائچ، عالم چوک (نامہ نگار ،نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ایم این اے میاں طارق محمود نے کہا ہے کہ 2024کے عام انتخابات میں این اے 77سے ہم نے 30ہزار ووٹوں کی واضح برتری سے کامیابی حاصل کی تھی مگر فارم 47 کے ذریعے ہمارا مینڈیٹ تبدیل کرکے ہمیں شکست دی گئی اور ہارے ہوئے مسلم لیگ ن کے امیدوار کو کامیاب قرار دیا گیا اب وقت آگیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں چھینی نشست واپس لیں گے ۔ میاں طارق محمود نے کہا روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2024 کے انتخابات میں انتخابی نتائج تبدیل کرکے عوام کے ووٹ کی توہین کی گئی ،ہم نے ہمیشہ آئین قانون اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھا ہے اور عوام کے ووٹ کے حق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے سابق ایم این اے نے اعلان کیا کہ این اے 77 کے ضمنی انتخابات میں وہ خود امیدوار ہوں گے اور تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے بھرپور انداز میں انتخابی میدان میں اتریں گے ۔میاں طارق محمود نے مزید کہا کہ اگر میرے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تو میری اہلیہ راشدہ طارق تحریک انصاف کے امیدوار کی حیثیت سے این اے 77 کے ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گی انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں انتخابی میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments