وردی عزتیں پامال کرنے کا لائسنس نہیں:ریحانہ ڈار
ظلم کرنیوالے یاد رکھیں طاقت ہمیشہ نہیں رہتی ،ہر زیادتی کا حساب ہوگا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )تحریک انصاف کے سینئر رہنما ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ طاقت کے نشے میں بد مست گروہ نے ملک بھر میں فاشزم کا بازار گرم کر رکھا ہے ، شرم آنی چاہیے ان لوگوں کو جو گزشتہ تین دن سے سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر مبینہ ظلم و جبر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے ، خواتین سے مبینہ نامناسب سلوک، خاندانوں کو ہراساں کرنے اور گرفتاریوں کے ذریعے خوف پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے اس طرزِ عمل پر جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، وردی اور سرکاری اختیار عوام کی عزتیں پامال کرنے کا لائسنس نہیں، دوسروں کے گھروں میں داخل ہوتے ہوئے ذرا یہ ضرور سوچ لیا کریں کہ وہاں بھی کسی کی ماں، بہن اور بیٹی ہے ، اگر آج کسی اور کے گھر کی حرمت پامال ہو رہی ہے تو کل یہی سوال آپ کے دروازے پر بھی کھڑا ہو سکتا ہے ۔یاد رکھو طاقت ہمیشہ کیلئے کسی کے پاس نہیں رہتی۔ اقتدار، عہدے اور اختیار سب عارضی ہیں مگر ظلم کا حساب باقی رہتا ہے ، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ اﷲ کی عدالت بھی لگے گی، جہاں نہ کرسی کام آئے گی نہ سفارش اور نہ کوئی سیاسی سرپرستی۔ ظلم جتنا بھی طاقتور ہو، انجام سے بچ نہیں سکتا۔ ان شاء اﷲ ہر زیادتی کا حساب ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments