ایل پی جی 279کے بجائے 500روپے کلو تک فروخت
سوئی گیس کی عدم فراہمی ، کم پریشر کے با عث شہری ایل پی جی خریدنے پر مجبور
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں ایل پی جی کی قیمتیں بے قابو،تفصیلات کے مطابق 450 روپے کلو تک فروخت ہونے لگی ،انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی ، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کر انے میں ناکام ہو گئی ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ علی پورچٹھہ میں ہر دکان پر ایل پی جی کے الگ الگ نرخ 450سے 500روپے فی کلو وصول کئے جارہے ہیں جبکہ سرکاری نرخ 279 روپے کلو پر گیس کی دستیابی ایک سوال بن چکی ہے ۔ مہنگی ایل پی جی کے باعث پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں سوئی گیس کی فراہمی نہ ہونے یا کم پریشر کے باعث انہیں مجبوراً ایل پی جی خریدنا پڑتی ہے مگر اس کی بڑھتی قیمت نے گھریلو بجٹ مزید متاثر کردیا۔ دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ انہیں ایل پی جی ہی سرکاری نرخ پر دستیاب نہیں ہورہی تو وہ صارفین کو کم قیمت پر کیسے فروخت کرسکتے ہیں۔ شہریوں نے ضلعی و مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کے نرخوں کی مؤثر نگرانی کی جائے ، سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنائی جائے اور زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments