وزیرآباد :موٹر خراب‘ریلوے کالونی 7ماہ سے پانی سے محروم
رہائشی پینے اور روزمرہ ضروریات کیلئے بوند بوند کو ترس گئے ،ریلوے حکام کی خاموشی
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ریلوے کالونی وزیرآباد میں 7ماہ سے پینے کے پانی کی فراہمی بند ہونے کے باعث اہل علاقہ مشکلات کا شکار ہیں، پانی کی عدم دستیابی نے مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ رہائشی پینے اور روزمرہ ضروریات کیلئے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں جبکہ ریلوے حکام کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ذرائع کے مطابق ریلوے کالونی میں واٹر سپلائی کیلئے صرف ایک موٹر موجود ہے جو کئی ماہ سے خراب ہے ۔ موجودہ صورتحال میں یہی واٹر سپلائی نظام ریلوے سٹیشن اور واشنگ لائن کو پانی فراہم کرنے کیلئے استعمال ہو رہا ہے جبکہ ریلوے کالونی کے مکین پانی کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ7ماہ کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود خراب موٹر کی مرمت یا متبادل موٹر کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات نہیں کیے گئے ۔ گھروں میں پینے ، کھانا پکانے اور دیگر ضروریات کیلئے پانی دستیاب نہ ہونے کے باعث خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے کالونی کی خراب واٹر سپلائی موٹر فوری طور پر درست یا تبدیل کرکے پانی کی فراہمی بحال کی جائے اور مستقبل میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے انتظامات کئے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments